

استاد ذاکر علی خان
٭6 جون 2003ء کو پاکستان کے معروف کلاسیکی گلوکار استاد ذاکر علی خان لاہور میں وفات پاگئے۔
استاد ذاکر علی خان 1945ء میں ضلع جالندھر کے مشہور قصبے شام چوراسی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق موسیقی کے مشہور شام چوراسی گھرانے سے تھا۔ وہ استاد نزاکت علی خان، سلامت علی خان کے سب سے چھوٹے بھائی تھے اور اپنے بڑے بھائی اختر علی خان کے ساتھ مل کر گاتے تھے۔
1958ء میں انہوں نے پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان ملتان سے اپنی گائیکی کا مظاہرہ کیا۔ اس وقت ان کی عمر 12، 13 برس تھی۔ بعدازاں انہیں آل پاکستان میوزک کانفرنس میں مدعو کیا جاتا رہا۔ انہوں نے بیرون ملک بھی کئی مرتبہ اپنی گائیکی کا مظاہرہ کیا۔ خصوصاً 1965ء میں کلکتہ میں ہونے والی آل انڈیا میوزک کانفرنس میں ان کی پرفارمنس ان کی بڑی یادگار پرفارمنس سمجھی جاتی ہے، اس پرفارمنس پر انہیں ٹائیگر آف بنگال کا خطاب ملا تھا۔ استاد ذاکر علی خان نے موسیقی کی مشہور کتاب نورنگ موسیقی تحریر کی تھی۔ وہ لاہور میں آسودۂ خاک ہیں۔