14 August
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ شاہد آفریدی

شاہد آفریدی

کرکٹ کے معروف آل راونڈر کھلاڑی شاہد آفریدی یکم مارچ 1980ء کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنا پہلا بین الاقوامی ایک روزہ میچ 2 اکتوبر 1996ء کو کھیلا۔ دو دن بعد 4 اکتوبر 1996ء کو اس ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے 37 گیندوں پر 102 رنز اسکور کرکے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ ان کے اس اسکور میں گیارہ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ شاہد آفریدی سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سری لنکا کے جے سوریا کا تھا جنہوں نے اپریل 1996ء میں سنگر کپ میں پاکستان کے خلاف 48 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ شاہد آفریدی نے اپنے اسکور میں گیارہ چھکے مار کر ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا جے سوریا کا ریکارڈ برابر کردیا، البتہ وہ ایک گیند کے فرق سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ نہ بنا سکے جو جے سوریا نے صرف 17 گیندوں پر 50 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ 20 دسمبر 2015ء تک وہ مجموعی طور پر 398 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 سنچریوں کی مدد سے  8064 رنز اسکور کیے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 395 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
شاہد آفریدی کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 22اکتوبر 1998ء کو ہوا۔ انہوں نے 27 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 5 سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 1716 رنز اسکور کیے۔ ان 27 ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ٹی۔20 طرز کی کرکٹ میں بھی شاہد آفریدی کا ریکارڈ نہایت شاندار ہے۔ وہ اب تک 87 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 1275 رنز اسکور کیے ہیں اور 88 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
حکومت پاکستان نے انھیں 14 اگست 2009 ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
( تمام اعداد و شمار 20 دسمبر 2015ء تک کے ہیں)

UP