منصور زمان
اسکواش کے معروف کھلاڑی منصور زمان 14 اپریل 1980ء کو پشاور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اسکواش کی تربیت اپنے والد قمر زمان سے حاصل کی جو خود بھی برٹش اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
آٹھ بر س تک پاکستان کے نمبر ون رہنے والے منصور زمان لاتعداد قومی اوربین الا قوامی ٹورنامنٹس جیت چکے ہیں۔ دو مرتبہ ایشین جونئیر ٹائٹل کے بعدایشین سینئیر چیمپین شپ جیتنے والے منصور زمان نے سیف گیمز 2003 میں انفرادی اور ٹیم ایونٹ جیت کر دو گولڈ میڈل حاصل کیے تھے وہ ایشین گیمز میں بھی چاندی اور کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔ایشین اسکواش فیڈریشن کی جانب سے ایشیا کا بہترین کھلاڑی قرار پانے والے منصور زمان 5 مرتبہ قومی چیمپئین بھی رہے۔ وہ سابق عالمی چیمپئین جان شیر خان کے بعد واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جو عالمی رینکنگ میں گیارہویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں 14 اگست 2015ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ہے۔ یہ پاکستان میں پہلا موقع ہے جب اسکواش کے کھیل میں باپ بیٹے دونوں نے یہ تمغہ حاصل کیا۔






