شاہد محمود ندیم
ممتاز صحافی، ادیب، ٹیلی وژن ڈائرکٹراورحقوق انسانی کے علم بردار شاہد محمود ندیم 1947ء میں کشمیر میں پیدا ہوئے۔ پاکستان ٹیلی وژن سے منسلک ہوئے لیکن جنرل ضیا الحق کے دور میں ٹیلی وژن پر ٹریڈ یونین سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزام میں برطرف کردئیے گئے۔ بے نظیر بھٹو کی حکومت کے قیام کے بعد اپنے ساتھیوں سمیت بحال کیے گئے اور بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن سے ڈپٹی مینیجنگ ڈائرکٹر کے عہدے سے سبک دوش ہوئے۔ پاکستان میں تھیٹر کے فروغ کے لیے اجوکا تھیٹر کی بنیاد رکھی۔ ٹیلی وژن اور تھیٹر کے لیے متعدد ڈرامے تحریر بھی کیے اور ان کی ہدایات بھی دیں۔ سرمد کھوسٹ کی مشہور فلم ’’منٹو‘‘ کا اسکرپٹ بھی انھی کا تحریر کردہ تھا۔ شاہد محمود ندیم کے خاندان کے کئی افراد شو بز سے وابستہ رہے ہیں جن میں ان اہلیہ مدیحہ گوہر، خواہر نسبتی فریال گوہر اور بیٹی سویرا ندیم شامل ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں 14 اگست 2009 ء کو انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔






