صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ استاد شرافت علی خان

استاد شرافت علی خان

شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے مشہور موسیقار اور گلوکار استاد شرافت علی خان 1955ء میں ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ نامور موسیقار استاد سلامت علی خان کے فرزند اور شفقت سلامت علی خان کے بڑے بھائی تھے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا تھا اور اپنے والد سے ٹھمری، کافی، خیال اور غزل گائیکی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور بیرون ملک کئی جامعات میں کلاسیکی موسیقی پر لیکچر دیئے تھے۔ انہوں نے اپنے والد استاد سلامت علی خان کے ساتھ بھی سنگت کی تھی اور اپنے بھائیوں سخاوت علی خان اور لطافت علی خان کے ساتھ گائیکی کا مظاہرہ کرتے رہے تھے۔
استاد شرافت علی خان کو حکومت افغانستان نے تمغہ ہنر اور حکومت ہندوستان نے سرسوتی کے خطاب سے سرفراز کیا تھا جبکہ حکومت پاکستان نے 14 اگست 2010ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ استاد شرافت علی خان نے 30 نومبر 2009ء کو لاہور میں وفات پائی اور حضرت چراغ شاہ ولی کے مزار کے احاطے میں آسودہ خاک ہوئے۔

UP