

پروفیسر احمد علی
٭یکم جولائی 1910ء انگریزی اور اردو کے ممتاز ادیب، نقاد اور دانشور پروفیسر احمد علی کی تاریخ پیدائش ہے۔
پروفیسر احمد علی دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز افسانہ نگاری سے کیا تھا۔ ان کا ایک افسانہ افسانوں کے مشہور اور متنازع مجموعے انگارے میں بھی شامل تھا۔ یہ وہی افسانوی مجموعہ ہے جس پر بعدازاں پابندی لگادی گئی تھی اور جسے اردو کی ترقی پسند تحریک کے آغاز کے اسباب میں شمار کیا جاتا ہے۔ پروفیسر احمد علی انگریزی کی تصانیف میں ہماری گلی، شعلے اور قید خانہ کے علاوہ انگریزی زبان میں لکھی گئیں Muslim China، Ocean of Night، The Golden Tradition، Twilight in Delhi اور Of Rats and Diplomats کے نام شامل ہیں۔ پروفیسر احمد علی نے قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ بھی کیا تھا جو اشاعت پذیر ہوچکا ہے۔ حکومت پاکستان نے انہیں ستارۂ قائداعظم کا اعزاز عطا کیا تھا۔ پروفیسر احمد علی 14جنوری 1994ء کو کراچی میں وفات پاگئے اور گلشن اقبال کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔