

جسٹس اے آر کارنیلیئس
٭ 21 دسمبر 1991ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس اور سابق وفاقی وزیر جسٹس اے آر کارنیلیئس لاہور میں انتقال کر گئے۔انہیں مسیحی قبرستان‘ جیل روڈ‘ لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔
جسٹس (ر) اے آر کارنیلیئس کا پورا نام ایلون رابرٹ کارنیلیئس تھا۔ وہ یکم مارچ 1903ء کو آگرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے الہ آباد یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ 1926ء میں وہ انڈین سول سروس سے وابستہ ہوئے۔ 1950-51ء میں وہ حکومت پاکستان کی وزارت قانون سے وابستہ ہوئے۔ نومبر 1951ء میں انہیں فیڈرل کورٹ کا جسٹس مقرر کردیا گیا۔ 1960ء سے 1968ء تک وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہے۔ 1964ء میں انہیں پنجاب یونیورسٹی نے ڈاکٹر آف لاز کی اعزازی ڈگری عطا کی۔ 1967ء میں حکومت پاکستان نے انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔ 1969ء سے 1971ء تک وہ وفاقی وزیر کے منصب پرفائز رہے۔