

پاکستان کے ڈاک ٹکٹ
23 اکتوبر 1980ء کو صدر جنرل ضیاء الحق نے لاہور کے شالامار باغ میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں آغا خان ایوارڈ برائے فن تعمیر تقسیم کئے۔یہ انعامات 29 فروری 1976ء کو اسماعیلی فرقے کے پیشوا پرنس کریم آغا خان نے قائم کئے تھے۔
1980ء میں دنیا بھر میں اسلامی فن تعمیر کے 14 پروجیکٹس کو آغا خان ایوارڈ تقسیم ہوئے، جن میں انڈونیشیا، ترکی، بھارت، تیونس، قطر، ایران، مصر، مالی، مراکش، کویت، سعودی عرب اور سینیگال کی مختلف قدیم و جدید عمارتیں اور تعمیراتی منصوبے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایک خصوصی انعام مصر کے مشہور ماہر فن تعمیر حسن فتحی کو بھی پیش کیاگیا۔
اس موقع پر پاکستان کے محکمہ ڈاک نے دو روپے مالیت کا ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا جس پر شالا مار باغ کی تصویر اور آغا خان ایوارڈ برائے فن تعمیر کا لوگو چھاپا گیا تھا۔ یہ ڈاک ٹکٹ عادل صلاح الدین نے ڈیزائن کیا تھا۔