1994-10-30
دلدار پرویز بھٹی کی وفات
دلدار پرویز بھٹی
٭30 اکتوبر 1994ء کو ٹیلی وژن کے مقبول کمپیئر، ڈرامہ آرٹسٹ، کالم نگار اور انگریزی زبان و ادب کے استاد دلدار پرویز بھٹی دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے امریکا میں وفات پاگئے۔
دلدار پرویز بھٹی 30 نومبر 1946ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ گوجرانوالہ منتقل ہوگئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی میں ایم اے کیا اور پھر ایم اے او کالج لاہور میں تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوئے۔ 1974ء میں انہوں نے لاہور ٹیلی وژن سے کمپیئرنگ کا آغاز کیا اور ٹاکرا اور پنجند جیسے مقبول پروگراموں کی میزبانی کی۔ انہوں نے کچھ عرصہ اخبارات میں کالم نگاری بھی کی۔ ان کے شگفتہ کالموں کا مجموعہ ’’آمنا سامنا‘‘ کے نام سے اشاعت پذیر ہوا تھا۔
دلدار پرویز بھٹی لاہور میں وحدت کالونی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔






