


نذر محمد
٭5 پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر نذر محمد 5 مارچ 1921ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔
وہ 1952-53ء میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن تھے۔ اس سیریز کے دوران نذر محمد نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران جو 23 سے 26 اکتوبر 1952ء کے دوران لکھنؤ میں کھیلا گیا تھا پہلی اننگز میں ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 124 رنز اسکور کئے۔ وہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے نہ صرف ٹیسٹ سنچری اسکور کی بلکہ بیٹ کیری بھی کیا۔ نذر محمد نے مجموعی طور پر 5 ٹیسٹ میچ کھیلے جن کی 8 اننگز میں انہوں نے 39.57رنز کی اوسط سے مجموعی طور پر 277 رنز اسکور کئے۔
نذر محمد کی ایک وجہ شہرت ملکہ ترنم نورجہاں کے ساتھ ان کا اسکینڈل تھاجس کے نتیجے میں 24 جون 1953ء کوبالائی منزل سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں ان کا بازو ٹوٹ گیا تھا اور وہ کرکٹ کھیلنے سے ہمیشہ کے لئے معذور ہوگئے تھے۔
معروف موسیقار فیروز نظامی اور ممتاز ادیب سراج نظامی ان کے بھائی تھے جبکہ پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر ان کے فرزند ہیں۔
12جولائی 1996ء کو نذر محمد اسلام آباد میں وفات پاگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔