1984-08-14

قاری وحید ظفر قاسمی پاکستان کے نامور قاری اور نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی کا تعلق دارالعلوم دیوبند کے مشہور عالم دین مولانا قاسم نانوتوی کے خانوادے سے ہے۔ ان کا پورا خاندان تلاوت کلام پاک کے حوالے سے معروف ہے اور ان کے والد قاری زاہر قاسمی اور چچا قاری شاکر قاسمی بھی پاکستان کے نامور قاریوں میں شمار ہوتے ہیں۔ قاری وحید ظفر قاسمی نے انتہائی کم عمری میں قرأت کے کئی عالمی مقابلوں میں حصہ لیا اور اعلیٰ اعزازات حاصل کیے۔ 1972ء میں انھوں نے مشہور نعت ’’اللہ ہو اللہ ہو‘‘ پیش کرکے نعت خوانوں کی صف میں بھی اہم مقام حاصل کرلیا۔ 14 اگست 1984ء کو حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کاردگی کا اعزاز عطا کیا۔ وہ کراچی میں قیام پذیر ہیں ۔
1985-08-14

قاری غلام رسول پاکستان کے نامور قاری، قاری غلام رسول 1935ء میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے قاری عبدالمالک سے قرات کا فن سیکھا اور پچاس برس سے زیادہ عرصے تک مختلف محافل، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن پر تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ انھوں نے خود بھی قرأت کی تعلیم کے لیے فعال کردار ادا کیا۔ 14 اگست 1985 کو حکومت پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ وہ ’’زینت القرا‘‘ کے خطاب سے بھی معروف تھے ۔ قاری غلام رسول کا انتقال 9 مارچ 2014ء کو لاہورمیں ہوا۔
1986-08-14

قاری سید صداقت علی پاکستان کے نامور قاری، قاری سید صداقت علی سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم لاہور میں قاری رضی الرحمن صاحب وحدت کالونی سے حاصل کی اس کے بعد قاری محمد یوسف صدیقی صاحب پھر قاری غلام رسول اور پھر الشیخ عبدالباسط محمد عبدالصمد سے قرات کی تربیت حاصل کی۔ 1966ء میں ریڈیو پاکستان اور 1970ء میں پی ٹی وی پر پروگراموں کی ابتدا کی۔ پاکستان میں بے شمار مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کی۔ ایران میں دو مرتبہ دوسری پوزیشن حاصل کی اور بنگلہ دیش میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پی ٹی وی پر دو دہائیوں سے زیادہ القرآن پروگرام میں قرآن پاک کی تعلیم دی جس سے پوری دنیا میں کروڑوں لوگوں نے قرآن پڑھنا سیکھا۔ قاری سید صداقت علی کی آواز میں دس سے زیادہ قرآن پاک آڈیو اور ویڈیو کی شکل میں پوری دنیا میں دستیاب ہیں اسی طرح ان کی آواز میں مولانا فتح محمد جالندھری، پیر کرم شاہ الازہری، مولانا احمد رضا خان بریلوی اورڈاکٹر طاہر القادری کے تراجم کے ساتھ قرآن پاک کی ڈی وی ڈیز بھی ریلیز ہوچکی ہیں۔ حکومت پاکستان نے قاری سید صداقت علی 14 اگست 1986ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 14 اگست 2014ء کو ستارہ امتیاز سے نوازا ہے۔