> <

1947-08-15
5513 Views
وائس ایرمارشل ایلن پیری کین (پندرہ اگست ۱۹۴۷ء تا سترہ فروری ۱۹۴۹ء) پاکستان فضائیہ کے پہلے سربراہ وائس ایرمارشل ایلن پیری کین 10 نومبر 1898 کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے 1917ء میں انڈین رائل ایر فورس میں کمیشن حاصل کیا اور انھوں نے پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ قیام پاکستان کے بعد وہ رائل پاکستان ایر فورس کےسربراہ بنے ۔ وائس ایرمارشل ایلن پیری کین کا انتقال 16 مارچ 1987 ء کو ہوا۔ ان کی خود نوشت سوانح عمری  ریفلیکٹڈ گلوری کے نام سے شائع ہوئی تھی ۔      
1949-02-18
2680 Views
ایر مارشل سر رچرڈ ایچرلے (اٹھارہ فروری ۱۹۴۹ء تا چھ مئی ۱۹۵۱ء) پاک فضائیہ کے دوسرے سربراہ ایر مارشل سر رچرڈ ایچرلے 12 جنوری 1904 ء کو پیدا ہوئے اور انھوں نے 1924 میں رائل یرفورس میں کمیشن حاصل کیا ۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران انھوں نے ناروے، اسکاٹ لینڈ اور لیبیا میں خدمات انجام دیں ۔جنگ عظیم کے بعد وہ رائل ایر فورس کالج کرانویل سے منسلک ہوئے اور قیام پا کستان کے بعد رائل پاکستان ایرفورس سے وابستہ ہوگئے۔ 18 فروری 1949ء سے 6 مئی 1951ء تک انھوں نے پاک فغائیہ کی سربراہی کی ۔ 18 اپریل 1970ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔      
1951-05-07
3606 Views
ایر وائس مارشل  لیزلی ولیم کینن (سات مئی ۱۹۵۱ء تا انیس جون ۱۹۵۵ء)   پاک فغائیہ کے تیسرے کمانڈر انچیف ایر وائس مارشل  لیزلی ولیم کینن 9 اپریل 1904ء کو پیدا ہوئے اور انھوں نے 1922 میں رائل ایر فورس میں بطور پائیلٹ شمولیت اختیارکی ۔  7 مئی 1951 سے 19 جون 1955ء کے دوران انھوں نے پاک فضائیہ کی قیادت کی ۔27 جنوری 1986ء کو ان کا انتقال ہوگیا ۔            
1955-06-20
3267 Views
ایر وائس مارشل سر آرتھر ڈبلیو بی میک ڈونلڈ (بیس جون ۱۹۵۵ء تا بائیس جولائی ۱۹۵۷ء) پاکستان فضائیہ کے چوتھے کمانڈر انچیف ایر وائس مارشل سر آرتھر ڈبلیو بی میک ڈونلڈ 14 جون 1903ء کو جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد برٹش آرمی میں ڈاکٹر تھے ۔ آرتھر میک ڈونلڈ نے 15 مارچ 1924ء کو رائل ایر فورس میں کمیشن حاصل کیا اور دوسری جنگ عظیم میں شریک ہوئے۔ انھوں نے 20 جون 1955 ء سے 22 جولائی 1957ء  کے دوران پاک فضائیہ کے چوتھے کمانڈر انچیف کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ پاک فضائیہ کے آخری انگریز کمانڈر انچیف تھے ۔انھی کے دور میں پاکستان رائل ایرفورس کا نام بدل کر پاکستان ایر فورس رکھا گیا۔  ایر وائس مارشل سر آرتھر ڈبلیو بی میک ڈونلڈ کا انتقال 26 جولائی 1996 کو ہوا۔      
1957-07-23
4098 Views
ائیر مارشل محمد اصغر خان   (تئیس جولائی ۱۹۵۷ء تا بائیس جولائی ۱۹۶۵ء) 20 اپریل 1957ء کو پاک فضائیہ نے اعلان کیا تھا کہ جولائی میں ایر وائس مارشل اے ڈبلیو بی میک ڈونلڈ کے عہدے کی میعاد کے خاتمے کے بعد فضائیہ کے کمانڈر انچیف کا عہدہ ایر وائس مارشل محمد اصغر خان سنبھالیں گے۔ چنانچہ اس اعلان کے مطابق 23 جولائی 1957 کو پاک فضائیہ کے  کمانڈر انچیف کا عہدہ ائیر وائس مارشل محمد اصغر خان نے سنبھال لیا ۔ جنہیں صرف 36 کی عمر میں ایر مارشل کے عہدے پر ترقی دے کر یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔ ائیر مارشل محمد اصغر خان 17 جنوری 1921 ء کو پیدا ہوئے تھے اور انھوں نے رائل ایرفورس شمولیت 1940 میں اختیار کی تھی ۔  وہ پاک فضائیہ کے پہلے مسلمان اور پہلے پاکستانی کمانڈر انچیف تھے۔ وہ اپنے اس عہدے پر 22 جولائی 1965 تک فائز رہے۔ پاک فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز کے سربراہ بنے۔ بعد ازاں انھوں نے عملی سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور تحریک استقلال کے نام سے اپنی سیاسی جماعت قائم کی۔ تاہم ان کی یہ جماعت پاکستانی سیاست میں کوئی خاص مقام نہ بنا سکی۔ ائیر مارشل محمد اصغر خان   کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں دی فرسٹ راونڈ، پاکستان ایٹ دی کراسروڈ، جنرلز ان پولیٹکس، دی لائٹر سایئڈ آف پاور گیمز، وی ہیو لرنٹ نتھنگ فرام ہسٹری، مائی پولیٹیکل اسٹرگل اور مائیل اسٹونز ان اے پولیٹیکل جرنی کے نام سرفہرست ہیں ۔ ان میں سے بعض کتابوں کے اردو ترجمے بھی ہوچکے ہیں ۔      
1965-07-23
4844 Views
ایرمارشل نور خان (تئیس جولائی ۱۹۶۵ء تا اکتیس اگست ۱۹۶۹ء) پاکستان فضائیہ کے چھٹے کمانڈر انچیف ایرمارشل نور خان کا تعلق چکوال سے تھا جہاں وہ 22 فروری 1923ء کو پیدا ہوئے تھے۔ ایچی سن کالج لاہور اور ملٹری کالج ، ڈیرہ دون سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 6 جنوری 1941 کو برٹش انڈین ایر فورس میں کمیشن حاصل کیا اور قیام پاکستان کے بعد پاکستان ایر فورس کا حصہ بن گئے۔ 23 جولائی 1965 ء سے 31 اگست 1969ء کے دوران انھوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ اس دوران 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ان کی اعلیٰ صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر انیں ہلال جرات کا اعزاز عطا کیا گیا اور انہیں ایر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ پاک فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایرمارشل نور خان نے مغربی پاکستان کے گورنر اور پی آئی اے ، پاکستان ہاکی فیڈریشن، پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کی سربراہ کے طور پر شاندار خدمات انجام دیں اور ہر جگہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ 1985 ء سے 1988ء کے دوران قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے ۔ نور خان کا انتقال 15 دسمبر 2011ء کو ہوا ۔ ان کے انتقال کے بعد پاکستان فضائیہ کے مصروف ترین ایر بیس چکلالہ کو ان کے نام سے موسوم کردیا گیا اور پاکستان کے محکمہ ڈاک نے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔      
1969-09-01
3497 Views
ایر مارشل عبدالرحیم خان (یکم ستمبر ۱۹۶۹ء تا تین مارچ ۱۹۷۲ء) پاکستان فضائیہ کے ساتویں کمانڈر انچیف ایر مارشل عبدالرحیم خان 25 اکتوبر 1925ء کو پیدا ہوئے تھے۔انھوں نے 5 جون 1944 کو برٹش انڈین ایر فورس میں کمیشن حاصل کیا ۔ قیام پاکستان کے بعد انھوں نے پاکستان فضائیہ کے واحد جیٹ اسکواڈرن کے پہلے کمانڈر، ماری پور بیس کے کمانڈر، پی اے ایف اسٹاف کالج کے سربراہ ، ڈائرکٹر آف پلانز اور ڈائرکٹر آپریشن  کے طور پر خدمات انجام دیں۔ یکم ستمبر 1969ء کو وہ پاک فضائیہ کے سربراہ مقرر ہوئے۔ 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران انھوں نے پاکستان ائرفورس کی قیادت کی لیکن 3 مارچ 1972ء کو ان سے جبری طور پر استعفےٰ لے لیا گیا ۔ کچھ عرصے بعد انھیں اسپین میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا،جہاں وہ 1977ء تک اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔ ایر مارشل عبدالرحیم خان کا انتقال 28 فروری 1990ء کو ہوا۔        
1972-03-03
3268 Views
ایر مارشل ظفر احمد چودھری (تین مارچ ۱۹۷۲ء تا پندرہ اپریل ۱۹۷۴ء) ایرمارشل ظفر احمد چودھری پاکستان ایرفورس کے پہلے چیف آف اسٹاف تھے۔ وہ 19 اگست 1926ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ۔ 9 اپریل 1945ء کو انھوں نے رائل انڈین ایر فورس میں کمیشن حاصل کیا اور قیام پاکستان کے بعد انھوں نے مختلف اہم پوزیشنز پر اہم خدمات انجام دیں ۔ جولائی 1971 سے مارچ 1972 تک انھوں نے پی آئی اے کی سربراہی کی۔ 3 مارچ 1972ء کو وہ پاکستان فضائیہ کے سربراہ مقرر ہوئے اور 15 اپریل 1974ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔ وہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اساسی ارکان میں شامل ہیں ۔              
1974-04-16
3521 Views
ایر چیف مارشل ذوالفقار علی خان (سولہ اپریل ۱۹۷۴ء تا بائیس جولائی ۱۹۷۸ء) ایر چیف مارشل ذوالفقار علی خان پاکستان ایرفورس کے دوسرے چیف آف اسٹاف تھے۔ وہ 10 دسمبر 1939ء کو لاہور میں پیدا ہوئے اور انھوں نے21 دسمبر 1950 ء کو پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پی اے ایف اکیڈمی رسال پور سے گریجویشن کرنے والے پہلے ہوا باز تھے جنہیں پاک فضائیہ کی سربراہی کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ 16 اپریل 1974ء کو پاکستان فضائیہ کے سربراہ مقرر ہوئے اور  22 جولائی 1978 ءتک اس عہدے پر فائز رہے۔  ایر چیف مارشل ذوالفقار علی خان کا انتقال 8 مارچ 2005ء کو ہوا۔        
1978-07-23
3323 Views
ائیر چیف مارشل انور شمیم (تئیس جولائی ۱۹۷۸ء تا پانچ مارچ ۱۹۸۵ء) پاکستان فضائیہ کے دسویں سربراہ ائیر چیف مارشل انور شمیم یکم اکتوبر 1931ء کو ہری پور (ہزارہ) میں پیدا ہوئے تھے۔ اُنھوں نے 1952ء میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ 1965ء اور 1971ء دونوں جنگوں میں حصہ لیا اور آخر الذکر جنگ میں ستارئہ جرات کا اعزاز حاصل کیا۔ 23جولائی 1978ء کو پاک فضائیہ کے چیف آف اسٹاف مقرر ہوئے اور آٹھ برس تک اس منصب پر فائز رہے۔ 5مارچ 1985ء کو فضائیہ سے ریٹائرہوئے اور 4جنوری 2013ء کو وفات پائی۔      
UP