> <

عبید اللہ بیگ کی وفات

عبید اللہ بیگ ٭ 22 جون 2012 ء پاکستان کے نامور دانش ور، ادیب اور کمپیئر جناب  عبید اللہ بیگ کی تاریخ وفات ہے۔ 1936ء میں رام پور میں پیدا ہونے والے عبید اللہ بیگ کا اصل نام حبیب اللہ بیگ تھا ۔ انھوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز 961 میں ریڈیو پاکستان سے کیا جس سے کئی حیثیتوں سے وابستہ رہے۔ 1967 میں وہ روزنامہ ’’حریت‘‘ سے منسلک ہوئے اور اسی برس  انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن سے اپنے مشہور پروگرام ’’کسوٹی کا ‘‘ آغاز کیا۔  1973میں وہ باقاعدہ طور پر پاکستان ٹیلی وژن سے بطور پروڈیوسر وابستہ ہوئے۔ 1978 سے 1992  تک وہ پاکستان ٹیلی وژن کے صدر دفتر میں شعبہ تعلقات عامہ میں خدمات انجام دیتے رہے اس دوران انھوں نے  ایک جریدہ ’’ٹی وی نامہ‘‘ بھی جاری کیا۔ 1992 میں وہ کراچی واپس لوٹ آئے اور  ماحولیات کے مشہور ادارے آئی یو سی این میں خدمات انجام دینے لگے۔ جناب  عبید اللہ بیگ نے پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد پروگراموں کی کمپیئرنگ بھی کی جن میں سیلانی کے ساتھ،پگڈنڈی ،منزل، میزان ، ذوق آگہی اورجواں فکر کے علاوہ اسلامی سربراہ کانفرنس اور الیکشن ٹرانسمیشن بھی شامل ہیں ۔ان کی بنائی ہوئی کئی دستاویزی فلموں کو عالمی اعزازات بھی ملے۔ وہ دو ناولوں ’’انسان زندہ ہے‘‘ اور ’’راجپوت‘‘ کے مصنف بھی تھے۔ ان کی اہلیہ سلمیٗ بیگ بھی پاکستان ٹیلی وژن سے وابستہ رہی ہیں۔ حکومت پاکستان نے جناب عبید اللہ بیگ کو صدارتی تمغہ برائے حسن کار کردگی عطا کیا تھا۔ ان کا انتقال 22  جون 2012 ء کو کراچی میں ہوا اور وہ کراچی ہی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

UP