> <

سراج الدین ظفر کی پیدائش

سراج الدین ظفر ٭25 مارچ 1912ء اردو کے نامور شاعر سراج الدین ظفر کی تاریخ پیدائش ہے۔ سراج الدین ظفر جہلم میں پیدا ہوئے تھے۔ان کی والدہ بیگم زینب عبدالقادر خود بھی اردو کی ایک مشہور مصنفہ تھیں اور ان کے نانا فقیر محمد جہلمی سراج الاخبار کے مدیر اور حدائق الحنیفہ جیسی بلند پایہ کتاب کے مصنف تھے۔ سراج الدین ظفر نے افسانے بھی لکھے اور شاعری بھی کی۔ وہ لب و لہجے کے حوالے سے بے حد منفرد شاعر تھے۔ ’’شباب اور شراب‘‘ ان کا خاص موضوع تھا۔ نئی نئی زمینیں تلاش کرنا اور ادق قافیوں میں رواں دواں شاعری کرنا انہی کا اسلوب تھا۔ ان کی شاعری کے دو مجموعے زمزمہ حیات اور غزال و غزل کے نام سے شائع ہوئے تھے۔ غزال و غزل پر انہیں 1968ء میں آدم جی ادبی انعام بھی ملا تھا۔ 6 مئی 1972ء کو سراج الدین ظفر کراچی میں انتقال کر گئے اور گورا قبرستان کے عقب میں فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔ ان کی لوح مزار پر انہی کا یہ شعر تحریر ہے   ؎ ظفر سے دور نہیں ہے کہ یہ گدائے است زمیں پہ سوئے تو اورنگ کہکشاں سے اٹھے  

UP