> <

محبوب عالم کی وفات

محبوب عالم ٭18 مارچ 1994ء کو پاکستان ٹیلی وژن، ریڈیو اور فلم کے معروف اداکار محبوب عالم کراچی میں وفات پاگئے۔ محبوب عالم 1948ء میں ٹنڈوغلام علی، ماتلی ضلع حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ تاریخ میں ماسٹرز کرنے کے بعد انہوں نے سندھی فلم سورٹھ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ پھر پاکستان ٹیلی وژن کے کئی ڈراموں میں چھوٹے بڑے کردار ادا کئے تاہم 1979ء میں ٹیلی وژن کے مشہور ڈرامہ سیریل وارث میں چوہدری حشمت کا کردار ادا کرکے وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیلی وژن کے کئی اور سیریلز میں بھی کام کیا جن میں دہلیز، سمندر، وقت، لازوال اور پیاس کے نام قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے اردو، سندھی، سرائیکی، پنجابی اور پشتو کی 50 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ خود بھی چند فلموں کی ہدایات دیں۔ وہ ٹنڈوغلام علی، ماتلی ضلع حیدرآباد میں اپنے آبائی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔        

UP