> <

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور کا عالمی ریکارڈ

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور ٭یہ فروری 1993ء کی بات ہے جب جنوبی افریقہ میں جنوبی افریقہ، غرب الہند اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز کرکٹ چیمپئن شپ منعقد ہوئی۔ اس چیمپئن شپ کا نواں میچ 25 فروری 1993ء کو پاکستان اور غرب الہند کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ کی اہمیت اس لحاظ سے اگرچہ زیادہ نہ تھی کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی تھیں لیکن عالمی چیمپئن پاکستان کا صرف 43 رنز کے اسکور پر آئوٹ ہوجانا ایک عالمی ریکارڈ ثابت ہوا۔ وکٹ انتہائی خراب تھی اور گیند اس انداز سے اٹھ رہی تھی کہ ہر کھلاڑی کی سمجھ سے باہر تھی۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر رمیز راجہ، پیٹرسن کی گیند پر لارا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے اور پھر یہیں سے پاکستانی ٹیم کی تباہی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پوری اننگز میں صرف زاہد فضل ہی وہ کھلاڑی تھا جو دہرے ہندسے میں داخل ہوا۔ اس نے 21 رنز بنائے، باقی کوئی کھلاڑی بھی وکٹ پر نہ رک سکا۔ پاکستان کے چھ کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے۔ ان چھ کھلاڑیوں میں رمیز راجہ، آصف مجتبیٰ، وسیم اکرم، راشد لطیف، وقار یونس اور مشتاق احمد شامل تھے۔ بقیہ کھلاڑی میں غلام علی نے 2، سعید انور نے 5، سلیم ملک نے ایک اور عاقب جاوید نے 4 رنز بنائے۔یوں پاکستان کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں صرف 43 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کم سے کم اسکور کا عالمی ریکارڈ تھا۔ غرب الہند کی اننگز کا آغاز بھی سنسنی خیز طریقے سے ہوا۔ اننگ کی پہلی ہی گیند پر وقار یونس نے ڈیسمنڈ ہینز کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کردیا، پھر وسیم اکرم نے سمنز اور ہوپر کو آئوٹ کردیا یوں 11 رنز کے اسکورپر غرب الہند کی 3 وکٹیں گرچکی تھیں مگر پھر برائن لارا نے ذمہ دارانہ طریقے سے کھیلتے ہوئے 26 ناقابل شکست رنز بنائے اور 12.3 اوورز میں بغیر کسی مزید نقصان کے اپنی ٹیم کا اسکور 45 تک پہنچا دیا۔ یوں غرب الہند نے یہ میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ مین آف دی میچ کا اعزاز کارٹنی واش کو دیا گیا، جس نے 9 اوورز پھینکے۔ ان میں سے 2 اوور میڈن تھے اور اس نے 17 رنز کے عوض پاکستان کے چار کھلاڑی آئوٹ کئے تھے۔ پاکستان کا ایک روزہ کرکٹ میں سب سے کم اسکور کا یہ عالمی ریکارڈ تقریباً دس سال تک پاکستان ہی کے پاس رہا۔ 19 فروری 2003ء کو کرکٹ کے عالمی کپ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے ٹیم نے کینیڈا کی پوری ٹیم کو صرف 36 رنز کے اسکور پر ڈھیر کردیا اور یوں پاکستان اس شرمناک عالمی ریکارڈ سے نجات پاگیا۔  

UP