> <

مختار بیگم کی وفات

مختار بیگم ٭25 فروری 1982ء کو پاکستان کی مشہور مغنیہ مختار بیگم کراچی میں وفات پاگئیں۔ مختار بیگم 1911ء میں امرتسر میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد غلام محمد موسیقی کے بڑے دلدادہ تھے اور خود بھی بہت اچھا ہارمونیم بجاتے تھے۔ انہوں نے مختار بیگم کو کلاسیکی موسیقی کی تربیت دلوانے کے لئے پٹیالہ گھرانے کے مشہور موسیقار استاد عاشق علی خان کی شاگردی میں دے دیا۔ بعدازاں مختار بیگم نے استاد اللہ دیا خان مہربان، استاد فتوخان، پنڈت شمبھو مہاراج اور پنڈت مچھو مہاراج سے بھی اکتساب فیض کیا۔ وہ ٹھمری، دادرا اور غزل گائیکی میں یکساں عبور رکھتی تھیں۔ ان کے فن کے عقیدت مندوں میں ملکہ ترنم نورجہاں بھی شامل تھیں۔ مختار بیگم کی شادی آغا حشر کاشمیری کے ساتھ ہوئی تھی۔ مختار بیگم سے تربیت پانے والے فنکاروں میں ان کی چھوٹی بہن فریدہ خانم، نسیم بیگم اور اداکارہ رانی شامل ہیں۔ مختار بیگم کراچی میں سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔  

UP