> <

علامہ سید عرفان حیدر عابدی کی وفات

علامہ سید عرفان حیدر عابدی ٭22 جنوری 1998ء کو پاکستان کے نامور خطیب اور شاعر علامہ سید عرفان حیدر عابدی ٹریفک کے ایک حادثے میں خالق حقیقی سے جاملے۔ علامہ سید عرفان حیدر عابدی 1950ء میں خیرپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے تعلیمی مراحل خیرپور، جامشورو اور جامعہ کراچی سے مکمل کئے اور عربی اور فارسی کی تعلیم اپنے والد اور تایا سے حاصل کی۔ علامہ سید عرفان حیدر عابدی نے 1970ء کی دہائی میں خطیب کی حیثیت سے جو شہرت مقبولیت اور پذیرائی حاصل کی وہ بہت کم خطیبوں کے حصے میں آتی ہے۔وہ نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان بھر میں بے انتہا مقبول خطیب کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔ وہ ایک اچھے شاعر اور نثر نگار بھی تھے۔ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن بھی رہے اور انہوں نے سندھ میں امامیہ کونسل کے کنوینر کے حیثیت سے بھی دینی و ملی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے چند برس پاکستان ٹیلی وژن سے مجالس شام غریباں سے بھی خطاب کیا۔ وہ کراچی میں مسجد خیرالعمل، انچولی سوسائٹی کے احاطے میں آسودۂ خاک ہیں۔  

UP