صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ ارفع کریم

ارفع کریم دنیا کی کم عمرترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم 2 فروری 1995 ء کو پاکستانی صوبے پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد کے چک 4 ج ب ، رام دیوالی میں پیدا ہوئی تھیں۔ ارفع کریم نے 2004 میں صرف 9 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفاییڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کرکے دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی اسپیشلسٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ جس کے بعد مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے ارفع کریم کو خصوصی طور پر امریکہ بلا کر ان سے ملاقات کی تھی۔ارفع نے لاہور گرامر اسکول سے اے لیولز کیا تھا۔انہوں نے کئی انعامات بھی حاصل کیے۔ 2005ء میں انہیں وزیر اعظم شوکت عزیز نے فاطمہ جناح گولڈ میڈل اوراسی سال 14 اگست 2005ء کو صدر پرویز مشرف نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور سلام پاکستا ن یوتھ ایوارڈ عطا کیا تھا۔ ارفع کریم کو 22 دسمبر2011ء کو مرگی کے دورے کے بعد طبیعت بگڑنے پر لاہور کے سی ایم ایچ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ کومے کی حالت میں رہیں اور 14 جنوری 2012ء کی شب انتقال کر گئیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی وفات کے بعد ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا اور حکومت پنجاب نے لاہور کے آئی ٹی پارک کو ارفع کے نام سے موسوم کردیا۔ ارفع کریم فیصل آباد کے گائوں چک 4 ج ب ، رام دیوالی میں آسودہ خاک ہیں۔

UP