> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ رنگیلا

رنگیلا پاکستان کے مشہور مزاحیہ اداکار، فلمساز، ہدایت کار، کہانی نگار، گلوکار، موسیقار اور تقسیم کار رنگیلا کا اصل نام سعید علی خان تھا اور وہ 1937ء میں ننگر ہار افغانستان میں پیدا ہوئے تھے۔ رنگیلا کی پیدائش کے بعد ان کے والد افغانستان سے پشاور منتقل ہوگئے۔ قیام پاکستان کے بعد رنگیلا نے لاہور کا رخ کیا اور وہ برش و رنگ کی دنیا سے وابستہ ہوکر پینٹر بن گئے۔ اسی زمانے میں انہوں نے دلیپ کمار اور نورجہاں کی فلم ’’جگنو‘‘ دیکھی جسے دیکھ کر انہیں خود بھی اداکاری کا شوق ہوا۔ 1957ء میں ہدایت کار عطا اللہ ہاشمی نے انہیں اپنی فلم داتا میں ایک مختصر سا کردار دیا اور یوں ان کے فلمی کیریئر کا آغاز ہوا۔ بعدازاں شباب کیرانوی کی فلم ’’ثریا‘‘ اور اشفاق ملک کی فلم ’’گہرا داغ‘‘ نے انہیں صف اوّل کا مزاحیہ اداکار بنادیا۔ 2 جنوری1968ء کو ریلیز ہونے والی ہدایت ظفر شباب کی فلم سنگ دل نے ان کے فلمی کیریئر کو ایک نیا موڑ دیا۔ 1969ء میں رنگیلا نے اپنے ذاتی پروڈکشن ہاؤس سے فلم ’’دیا اور طوفان‘‘ کا آغاز کیا۔ اس فلم کے کہانی نگار اور ہدایت کار بھی وہ خود تھے اور انہوں نے اس فلم میں ایک گانا بھی گایا تھا۔ اس فلم نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے جس کے بعد رنگیلا فلمی صنعت میں بطور ہدایت کار اور گلوکار مستحکم ہوگئے۔ ان کی دیگر فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، میری زندگی ہے نغمہ، میں بھی تو انسان ہوں، پردے میں رہنے دو، رنگیلا اور منور ظریف، بے ایمان اور میں منجھی کتھے ڈاہواں شامل ہیں۔ ان کی فلم کبڑا عاشق کی ناکامی نے انہیں بڑا دھچکا پہنچایا تاہم رنگیلا نے ہمت نہ ہاری اور چند برس کے بعد ایک مرتبہ پھر فلمی دنیا میں راج کرنے لگے۔ اس دور میں ان کی فلموں عورت راج، سونا چاندی اور انسان اور گدھا نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ رنگیلا نے مجموعی طور پر 660 فلموں میں کام کیا جن میں 244 فلمیں اردو میں، 362 فلمیں پنجابی میں، 33 فلمیں ڈبل ورژن میں، 19 فلمیں پشتو میں اور ایک ایک فلم ہندکو اور سندھی میں بنائی گئی تھیں۔ رنگیلا نے 24مئی 2005ء کو لاہور میں وفات پائی۔ انہوں نے متعدد اعزازات بھی حاصل کئے جن میں14 اگست 2004ء کو حکومت پاکستان کا دیا گیا صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست تھا۔

UP