> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ سعید انور

سعید انور کرکٹ کے معروف کھلاڑی سعید انور 6 ستمبر 1968ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ 1989ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ون ڈے اور اگلے برس ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ سعید انور نے پاکستان کی جانب سے کئی بڑی اننگز کھیلیں۔ ان کا بیٹ خاص طور پر ملک سے باہر کافی متحرک رہتا تھا۔ انہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ میں اسکور کی، جب 94۔ 1993 میں انہوں نے ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 169 رنز اسکور کئے۔ سعید انور نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں 1996ء میں 176کی شاندار اننگز سجائی، اسی طرح انہوں نے کولکتہ میں99-1998 میں بیٹ کیری کیا اور ناقابل شکست188 رنز بنائے جوکہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین مجموعہ ہے۔ وہ کافی اسٹائلش انداز میں بیٹنگ کرتے تھے اور ان کا کھیل دیکھنے کے قابل ہوا کرتا تھا۔ لارڈز میں 1996ء میں سعید انور کی بہترین پرفارمنس کو ’وزڈن المانک‘ میگزین بھی سراہے بغیر نہیں رہ پایا۔ ان کا ون ڈے ریکارڈ بھی انتہائی شاندار ہے جس میں انہوں نے 20 سنچریاں اسکور کیں۔ سعید انور نے 97-1996ء میں چنئی میں بھارت کے خلاف194 رنز اسکور کئے جو کئی برس تک سب سے بڑا انفرادی ون ڈے اسکور رہا۔ حکومت پاکستان نے 14 اگست 1997ء کوانہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

UP