> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ اے حمید

اے حمید اردو کے صاحب طرز نثر نگار اے حمید کا پورا نام عبدالحمید تھا۔ وہ 1928ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے تھے جہاں سے میٹریکولیشن کا امتحان پاس کرنے کے بعد وہ پاکستان آگئے۔ وہ ایک طویل عرصہ تک ریڈیو پاکستان اور پھر وائس آف امریکا سے منسلک رہے جہاں وہ اسکرپٹ نگاری کے شعبے سے وابستہ تھے۔ اے حمید نے دو سوسے زیادہ کتابیں یادگار چھوڑیں جن میں منزل منزل، اردو شعر کی داستان، اردو نثر کی داستان، مرزا غالب لاہور میں، لاہور کی یادیں، داستان گو، امریکا نو، چاند چہرے، گلستان ادب کی سنہری یادیں، دیکھو شہر لاہور اور امرتسر کی یادیں سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بچوں کے لیے بھی امبر ناگ ماریہ سیریز کے سو سے زیادہ ناول تحریر کیے۔1990ء کی دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بچوں کا مشہور سیریل ’’عینک والا جن‘‘ تحریر کیا جو بے حد مقبول ہوا۔ حکومت پاکستان نے14 اگست 1997ء کو ان کے فن کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ اے حمید نے 29 اپریل 2011ء کو لاہور میں وفات پائی۔ وہ میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔

UP