> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ ڈاکٹر انیس خورشید

ڈاکٹر انیس خورشید اردو اور انگریزی کے ادیب اور لائبریری سائنس کے شعبے کے نامور ماہر ڈاکٹر انیس خورشید کا اصل نام محمد انیس الدین تھا اور وہ 2 ستمبر 1924ء کو ضلع ناگپور کے شہر کامٹی میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اور جامعہ کراچی سے لائبریری سائنس کا ڈپلومہ کورس مکمل کیا۔ اس کے بعد انہیں امریکا سے ماسٹر آف لائبریری سائنس کرنے کی اسکالر شپ مل گئی۔ وہ یہ ڈگری لے کر وطن واپس پہنچے تو جامعہ کراچی میں شعبہ لائبریری سائنس کے لیکچرر اور پھر سربراہ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 1969ء میں انہوں نے امریکا سے لائبریری سائنس میں پی ایچ ڈی کیا۔ 1985ء میں انہوں نے کراچی یونیورسٹی کی لائبریری کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے سوفٹ ویر کی تیاری میں مدد دی۔ ڈاکٹر انیس خورشید کا انتقال 4 جنوری 2008ء کو کراچی میں ہوا۔ 14 اگست 1996ء کو حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا اور وہ لائبریری سائنس کے موضوع پر 8 کتابوں کے مصنف تھے۔

UP