> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ احمد علی خان

احمد علی خان پاکستان کے نامور صحافی احمد علی خان 1924ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے تھے۔ 1945ء میں انہوں نے بھوپال کے اردو جریدے ’’ترجمان‘‘ سے اپنی صحافیانہ زندگی کا آغاز کیا۔ 1946ء میں وہ ’’ڈان‘‘ دہلی سے وابستہ ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ ’’پاکستان ٹائمز‘‘ سے وابستہ ہوگئے جس کے ایڈیٹر ان دنوں فیض احمد فیض تھے۔ پاکستان ٹائمز سے ان کی وابستگی تقریباً ایک دہائی تک جاری رہی۔1962ء میں وہ روزنامہ ڈان کراچی سے وابستہ ہوگئے اور 2000ء تک اس ادارے سے وابستہ رہے، بعد ازاں 2003ء سے 2004ء تک بھی وہ اس اخبار سے منسلک رہے۔ احمد علی خان کا شمار پاکستان کے ترقی پسند صحافیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی صحافت کے اعلیٰ اقدار کے قیام کے لئے وقف رکھی۔ ذاتی طور پر بھی ان کا تعلق اردو کے ایک معروف صحافی اور ادبی خانوادے سے تھا۔ ان کی اہلیہ ہاجرہ مسرور اور ان کی خواہر نسبتی خدیجہ مستور اردو کی مشہور ادیبہ تھیںجبکہ مشہور شاعر خالد احمداور صحافی توصیف احمد خان ان کے برادر ان نسبتی تھے۔ ان کے دوہم زلف ظہیر بابر اور حسن عابدی بھی صحافت کے شعبے سے وابستہ تھے جبکہ ایک اور ہم زلف حبیب وہاب الخیری قانون کے شعبے سے وابستگی کی وجہ سے معروف ہیں۔ حکومت پاکستان نے احمد علی خان 14 اگست 1996ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیاتھا۔ ان کا انتقال 13 مارچ 2007ء کو کراچی میں ہوا۔

UP