> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ انور مقصود

انور مقصود پاکستانی شوبز کی ایک مشہور و معروف شخصیت انور مقصود حمیدی 7ستمبر1935 ء کو حیدر آباد( دکن )انڈیا میں پیدا ہوئے۔ وہ بنیادی طور پر ایک مزاح نگارہیں ، تاہم وہ ایک منجھے ہوئے میزبان بھی ہیں، سنجیدہ ڈرامہ نگار بھی اور مصور بھی۔ انور مقصود کے کیے ہوئے تمام پروگرام ناظرین میں بے پناہ مقبول ہوئے اور پاکستان ٹی وی کی شناخت بنے۔ ان میں ’’ ففٹی ففٹی‘‘، ’’ سلور جوبلی‘‘، ’’ اسٹوڈیو ڈھائی‘‘، ’’اسٹوڈیو پونے تین‘‘، ’’ آنگن ٹیڑھا‘‘، ’’ہاف پلیٹ‘‘ اور ’’شو ٹائم‘‘ وغیرہ بے پناہ مقبول ہوئے۔ آپ نے پی ٹی وی ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی بھی کی۔ معروف اردو ڈراموں میں ’’ستارہ اور مہر النساء‘‘ اور ’’ نادان نادیہ‘‘ بھی شامل ہیں، نادان نادیہ کا مرکزی کردار معروف پاکستانی سْپر ہٹ فلم اسٹار بابرہ شریف نے ادا کیا تھا۔ نجی ٹی وی چینلز پر آپ کے پروگرام ’’لْوز ٹاک‘‘ اور ’’ماجو میاں ‘‘ بھی انتہائی مقبول رہے ہیں جبکہ اسٹیج ڈراموں میں ’’پونے چودہ اگست‘‘ اور ’’انور مقصود کا دھرنا‘‘ سر فہرست ہیں۔ انور مقصود کا تعلق بدایوں کے ایک علمی خانوادے سے ہے۔ حکومت پاکستان نے انھیں14 اگست 1994ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ ان کے خاندان کی معروف علمی و ادبی شخصیات ان کی بہنیں محترمہ فاطمہ ثریا بجیا، زْہرہ نگاہ، زبیدہ طارق اور سارہ نقوی اور بھائی احمد مقصود حمیدی اپنی جْدا گانہ شناخت رکھتے ہیں۔

UP