> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ زرینہ بلوچ

زرینہ بلوچ سندھ کی مشہور لوک فنکارہ زرینہ بلوچ 29 دسمبر 1934ء کو گوٹھ الٰہ داد حیدرآباد میں پیدا ہوئی تھیں۔ زرینہ بلوچ نے کالج کی سطح تک تعلیم حاصل کی۔ انہیں ابتدا ہی سے گانے کا شوق تھا، ان کے والد نے ان کے شوق کی حوصلہ افزائی کی اور 1960ء میں وہ ریڈیو پاکستان حیدرآباد میں استاد محمد جمن کی باقاعدہ شاگرد ہوگئیں۔ اسی برس انہوں نے ریڈیو پاکستان میں گائیکی کے ایک مقابلے میں حصہ لیا جس میں 600 افراد شریک ہوئے تھے۔ زرینہ بلوچ اس مقابلے میں اوّل آئیں۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد پروگراموں میں بھی نہ صرف اپنے سنگیت کا جادو جگایا بلکہ کئی ڈراموں میں اداکاری بھی کی۔ انہیں متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا جن میں شاہ لطیف ایوارڈ اور قلندر لعل شہباز ایوارڈکے نام سرفہرست ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے انھیں 14 اگست 1994ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ زرینہ بلوچ کا انتقال 25 اکتوبر 2005ء کوکراچی میں ہوا۔ وہ مشہور سیاستدان اور ادیب رسول بخش پلیجو کی اہلیہ تھیں اور عوامی حلقوں میں اپنی عرفیت جیجی سے معروف تھیں۔

UP