> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ نور محمد لاشاری

نور محمد لاشاری پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور فنکارنور محمد لاشاری بھان سعید آباد کے مقام کوٹ لاشاری کے رہنے والے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد وہ محکمہ تعلیم سے وابستہ ہوگئے اور تدریس کے فرائض انجام دینے لگے۔ انہوں نے استاد بخاری کی ناٹک منڈلی سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا۔ ان کی ابتدائی اسٹیج ڈراموں میں بیجل کا نام سرفہرست ہے۔ وہ ایک طویل عرصے تک ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے وابستہ رہے اور صداکاری کے جوہر دکھاتے رہے۔ 1967ء میں جب کراچی میں ٹیلی وژن اسٹیشن قائم ہوا تو انہوں نے ہفتہ وار سندھی ڈرامے ناٹک رنگ سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔ وہ پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے معروف ڈرامہ سیریلز میں جنگل،دیواریں، چھوٹی سی دنیا، چاند گرہن، دشت اور ماروی کے نام سرفہرست ہیں۔ حکومت پاکستان نے نور محمد لاشاری کو 14 اگست 1992ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کااعزاز عطا کیا تھا۔ نور محمد لاشاری کا انتقال یکم فروری 1997ء کوکراچی میں ہوا۔

UP