> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ مہدی حسن

مہدی حسن پاکستان کے  نامور گلوکار سنگیت کی دنیا میں کئی دہائیوں تک راج کرنے والے مہدی حسن 18جولائی 1927ء کو راجستھان کے علاقے لْونا میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق موسیقی کے کلاونت گھرانے کی سولہویں نسل سے تھا۔ آپ کے والد استاد عظیم خان اور چچا استاد اسماعیل خان معروف دْھرپد گائک تھے۔مہدی حسن نے سْر اور تال کے ابتدائی رموز اپنے والد اور چچا ہی سے سیکھے۔ مہدی حسن بیس برس کی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آگئے۔ ہجرت کے بعد شدید مالی مشکلات کی وجہ  سے کلاسیکی موسیقی کے اس ممتاز گھرانے کے چشم و چراغ کو سائیکل مرمت کرنے کی ایک دکان میں مزدوری کرنا پڑی۔بعد میں کام سیکھتے سیکھتے مہدی حسن کار مکینک اور ٹریکٹر مکینک بن گئے۔اس کے باوجود مہدی حسن خا ن نے پہلوانی کا شوق اور سنگیت کی خاندانی روایت کو نہ چھوڑا اور روزانہ ریاض کرتے رہے۔ خان صاحب نے پاکستان میں گلوکاری کا باقاعدہ آغاز انیس سو باون میں ریڈیو پاکستان کے کراچی اسٹوڈیو سے کیا اور انیس سو ستاون میں ریڈیو پاکستان ہی سے گائی ایک ٹھمری نشر ہونے کے بعد موسیقار حلقوں کی توجہ حاصل کی۔ اس دور میں مہدی حسن کلاسیکی موسیقی ہی سے کل وقتی طور پر وابستہ تھے البتہ فارغ اوقات میں غزل گائیکی کا شوق بھی پورا کرلیا کرتے لیکن جلد ہی ان کی آواز فلمی حلقوں میں کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جانے لگی۔ مہدی حسن نے مجموعی طور پر 477 فلموں کے لیے گانے گائے۔ ان کے گائے ہوئے گیتوں کی کل تعداد 667 ہے۔ انہوں نے اردو فلموں میں 574 ، پنجابی فلموں میں 91 اور سندھی فلموں میں 2 گیت گائے۔ فلمی گیتوں میں ان کے سو سے زیادہ گانے اداکار محمد علی پر فلمائے گئے۔ اس کے علاوہ مہدی حسن خان صاحب ایک فلم ’’شریک حیات‘‘ 1968 میں پردہ سیمیں پر بھی نظر آئے۔ کئی دہائی پر محیط اس سفر میں انہوں نے مجموعی طور پر پچیس ہزار سے زائد فلمی وغیرفلمی گیت، نغمے اور غزلوں میں آواز کا جادو جگا کر انہیں امر کردیا اور دنیا بھر میں بے مثال شہرت اور عزت پائی۔مہدی حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 14 اگست 1985ء کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی اور علاوہ ازاں تمغہ امتیازاور ہلال امتیازسے نوازا گیا۔ بھارت میں انہیں سہگل ایوارڈ جبکہ حکومت نیپال نے مہدی حسن کو گورکھا دکشنا بہو کا اعزاز عطا کیا۔ مہدی حسن کا انتقال 13 جون 2012ء کو کراچی میں ہوا۔ وہ کراچی ہی میں آسودہ خاک ہیں۔  

UP