> <

پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کااجرأ

پاکستان کے ڈاک ٹکٹ 23مارچ 1987ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے تین روپے مالیت کاایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا  جس پرپارلیمنٹ ہاؤس کی تصویر شائع کی گئی تھی   اور ISLAMABAD 23 MARCH 1987 THE NEW PARLIANENT HOUSE کے الفاظ طبع کیے گئے تھے۔ یہ ڈاک ٹکٹ عادل صلاح الدین نے ڈیزائن کیا تھا۔ پارلیمنٹ ہائوس کی پرشکوہ عمارت کا افتتاح دس ماہ قبل 28 مئی 1986ء کو وزیراعظم محمد خان جونیجو نے کیاتھا۔ اس عمارت کا ڈیزائن امریکہ کے ممتاز آرکیٹیکٹ ایڈورڈ ڈیورل اسٹون نے تیار کیا تھا جو اس سے پہلے پاکستان کی کئی اور اہم عمارتوں کے ڈیزائن تیار کرچکے تھے۔ ان عمارتوں میں واپڈا ہائوس لاہور، پی این ایس سی بلڈنگ کراچی اور ایوان صدر اسلام آباد کے نام سرفہرست ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کی یہ خوبصورت عمارت اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر واقع ہے۔ اس عمارت میں قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں کے اجلاس منعقد ہونے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس عمارت میں 370 ارکان اور تقریباً 500 مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے۔ یہ ایک مستطیل نما عمارت ہے جو اسلامی فن تعمیر کی ایک بنیادی شکل ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کا سنگ بنیاد 14 اگست 1974ء کو پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا۔  

UP