> <

خالد عباد اللہ کی اولین ٹیسٹ میں سنچری

خالد عباد اللہ ٭24 اکتوبر 1964ء کو کراچی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوا۔ یہ ٹیسٹ میچ یوں تو ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا مگر اس ٹیسٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان کے کرکٹر خالد عباد اللہ نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری (166 رنز) اسکور کرکے‘ پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ خالد عباد اللہ کے علاوہ اکتوبر 2010ء تک پاکستان کے جو کھلاڑی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں ان میں جاوید میاں داد‘ سلیم ملک‘ محمد وسیم‘ علی نقوی‘ اظہر محمود‘ یونس خان‘ توفیق عمر، یاسر حمید، فواد عالم اور عمر اکمل کے نام شامل ہیں۔ 24اکتوبر 1964ء کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ اس ٹیسٹ میں خالد عباد اللہ کے علاوہ پانچ دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ان پانچ کھلاڑیوں کے نام تھے: عبدالقادر، شفقت رانا، ماجد خان، آصف اقبال اور پرویز سجاد۔ یہ بطور کپتان حنیف محمد کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔      

UP