> <

استاد شرافت علی خان کی وفات

استاد شرافت علی خان ٭30 نومبر 2009ء کو شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے مشہور موسیقار اور گلوکار استاد شرافت علی خان لاہور میں وفات پاگئے۔ استاد شرافت علی خان 1955ء میں ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ نامور موسیقار استاد سلامت علی خان کے فرزند اور شفقت سلامت علی خان کے بڑے بھائی تھے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا تھا اور اپنے والد سے ٹھمری، کافی، خیال اور غزل گائیکی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور بیرون ملک کئی جامعات میں کلاسیکی موسیقی پر لیکچر دیئے تھے۔ انہوں نے اپنے والد استاد سلامت علی خان کے ساتھ بھی سنگت کی تھی اور اپنے بھائیوں سخاوت علی خان اور لطافت علی خان کے ساتھ گائیکی کا مظاہرہ کرتے رہے تھے۔ استاد شرافت علی خان کو حکومت افغانستان نے تمغہ ہنر اور حکومت ہندوستان نے سرسوتی کے خطاب سے سرفراز کیا تھا۔استاد شرافت علی خان لاہور میں حضرت چراغ شاہ ولی کے مزار کے احاطے میں آسودۂ خاک ہیں۔      

UP