جلال الدین کی ہیٹ ٹرک

جلال الدین ٭یہ 20 ستمبر 1982ء کی بات ہے۔ حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ کا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا جارہا تھا۔ پاکستان نے اپنی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے تھے جس میں محسن حسن خان کی خوبصورت سنچری بھی شامل تھی۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ اس اننگز کی سب سے یادگار بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان کے بائولر جلال الدین نے تین لگاتار گیندوں پر آسٹریلیا کے تین کھلاڑیوں روڈنی مارش، بروس یارڈ لے اور جیف لاسن کو آئوٹ کرکے کرکٹ کے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے جواب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بناسکی اور یوں یہ میچ پاکستان نے 59 رنز سے جیت لیا۔ اب تک کرکٹ کے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں بیس ہیٹ ٹرکس بنائی جاچکی جن میں سے آٹھ ہیٹ ٹرکس پاکستان کے کھلاڑیوں نے بنائی ہیں۔ وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق نے یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کیا جبکہ جلال الدین، عاقب جاوید، وقار یونس اور محمد سمیع یہ اعزاز ایک ایک مرتبہ حاصل کرچکے ہیں۔

UP